حکومت اقتصادی ترقی کیلئے جدید انفراسٹرکچر قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا سیمینار سے خطاب
اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ماضی میں عدم سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ملک نے اقتصادی استحکام میں کامیابی حاصل نہیں کی۔ منگل کو جنرل الیکٹرک (جی ای) کے زیر اہتمام ”مستقبل کے پاکستان کی تعمیر“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اقتصادی استحکام سے پہلے سیاسی استحکام کو یقینی بنایا تاہم بدقسمتی سے پاکستان اس سلسلہ میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے ادوار میں بھی صنعتی ترقی میں بھی کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کمزور انفراسٹرکچر، توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں ناکافی سرمایہ کاری بھی اقتصادی عدم استحکام کے بڑے عوامل ہیں۔