پیرس ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی)تعلیم، سائنس اورثقافت کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکونے اسرائیلی مخالفت کے باوجود فلسطینی علاقوں سے متعلق دو قراردادوں کی منظوری دیدی ہے ۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ قراردادیں عرب ممالک کی جانب سے پیش کی گئی تھیں اوراسرائیل نے اس کی شدید مخالفت کی تھی۔اسرائیل نے یونیسکو کی جانب سے قراردادیں پیش کرنے کی منظوری کے بعد اقوام متحدہ کے اس اہم ادارے سے تعاون معطل کرنے کا اعلان کیاتھا۔یونیسکو کا فورم پہلی بار کشیدگی کا شکار نہیں ہوا ،ماضی میں بھی عرب ممالک کی جانب سے اس فورم پراسرائیل مخالف قراردادوں کی منظوری دی جاچکی ہیں۔رواں سال اپریل میں یونیسکو نے مسجد الاقصیٰ میں مسلمانوں کو عبادت کی اجازت نہ دینے کے خلاف ایک قرارداد کی منظوری دی تھی۔