اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کاروبار کے عالمی ہفتہ کے موقع پر جمعرات کو پاکستان کی کاروباری برادری کے ارکان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا انعقاد کیا۔ گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک منانے کے سلسلہ میں ہونے والی اس تقریب کی مہمان خصوصی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات انوشہ رحمن خان تھیں۔ گلوبل انٹرپرینیورشپ سمٹ میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کے کئی ارکان نے بھی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی جنہوں نے جون میں سیلی کون ویلی کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان نے گلوبل انٹرپرینیورشپ سمٹ میں شرکت کےلئے سب سے بڑا غیر ملکی وفد بھیجا تھا جسے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سراہتے ہوئے پاکستان کی معاشی فعالیت کا ثبوت قرار دیا۔