وزیردفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وزیردفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی بار بار پارلیمنٹ میں واپسی آئین و جمہوریت کی فتح ہے، پارلیمنٹ سے بالاتر کوئی ادارہ نہیں، پی ٹی آئی ڈیڑھ سال قبل بھی نامراد ہوکر واپس پارلیمان میں آئی تھی، عمران خان صبح کو کچھ کہتا ہے اور شام کو کچھ اور، کئی بار فیصلے تبدیل کئے اس لئے ان کو یوٹرن کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف گھٹنوں پر بیٹھ اور پیٹ کے بل لیٹ کر پارلیمنٹ میں واپس آئی ہے۔ تحریک انصاف کے ممبران اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی وجہ سے واپس آئے ہیں۔