وزیر اعظم محمد نواز شریف کا 448کلومیٹر طویل این۔ 85 سوراب ۔ہوشاب شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

APP32-14 TURBAT: December14 - Prime Minister Mohammad Nawaz Sharif addressing at inauguration ceremony of Road Hoshab-Panjgur-Surab (N-85). APP photo by Sahib Zaman

تربت ۔ 14 دسمبر (اے پی پی)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عوام کی خدمت اورملک کی تعمیر و ترقی کو اقتدار تک پہنچنے کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہوتی ہے ،کچھ لوگ نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرکے اقتدار تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں ایسے لوگ نہ صرف اپنا چہرہ بلکہ معاشرے کو بھی گنداکرنے کی کوشش کرتے ہیںجن کاکام کیچڑ اچھالنا ہو وہ قوم کی تعمیر نہیں کر سکتے، پاکستان کے عوام اب 2018ءمیں فیصلہ کریں گے کہ کون ان کی بہتر خدمت کررہاہے ،3سال میں مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے آج پاکستان بہت بہتر حالت میں ہے،ملک کے کونے کونے میں سڑکوں کی تعمیر اور ترقی کا عمل جاری ہے۔ وہ بدھ کو یہاں 448کلومیٹر طویل این 85 سوراب ۔ہوشاب شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثناءاللہ خان زہری ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سینیٹر حاصل برنجو کے علاوہ کمانڈر سدرن کمان لیفٹیننٹ عامر ریاض، ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی موجود تھے۔اس موقع پروزیر اعظم نے ہوشاب آواران لسبیلہ روڈ کی تعمیر اور پنجگور سے پروم تک 40کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔وزیر اعظم نے کہاکہ انہیں بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی بے حد خوشی ہے ۔پاکستان کا یہ حصہ ترقی کے جس دور سے گزر رہاہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوںنے کہاکہ آج ایک نیا بلوچستان بن رہاہے جس کامطلب یہ ہے کہ ایک نیاپاکستان بن رہاہے ۔ بلوچستان میں بے مثال ترقی ہو رہی ہے ۔جو شاہراہیں تعمیر کی جا رہی ہیں ان میں سے کچھ سی پیک کا حصہ ہیں اور کچھ ہم خود بنا رہے ہیں ۔ شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں پر اربوب کھربوں روپے لگ رہے ہیں لیکن ہمیں ان اربوں کھربوں کے لگنے کی بہت خوشی ہے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر سے ہم بلوچستان پر کوئی مہربانی نہیں کررہے ۔