وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مالیاتی شعبہ کو ریگولیٹ کرنے کےلئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی کوششوں کی تعریف

اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مالیاتی شعبہ کو ریگولیٹ کرنے کے لئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کاروبار سے متعلق قوانین اور ترامیم کے بارے میں متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ بدھ کو یہاں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے وفاقی وزیر کو نئے کمپنیز آرڈیننس 2016 کے نفاذ سے متعلق حاصل کی گئی آراءکے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر کی ہدایات کی روشنی میں حاصل آراءاور تجاویز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کرنے کے لئے مرتب کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیز آرڈیننس 2016 کے تحت اہم ریگولیشنز کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور آئندہ ہفتے عوامی آراءکے لئے جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی فروخت اور پاکستان کیپیٹل مارکیٹ کے ترقی کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔