اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمراں خان اور جہانگیر ترین عدالت کے سامنے کالے دھن کا اعتراف کر چکے ہیں ۔ ہم انہیں پکڑ پکڑ کر سامنے لائیں گے اور قوم کو ان کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج تیرہ تاریخ آچکی ہے اور جلد عمران خان سپریم کورٹ سے بھی بھاگیں گے۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن چھ مرتبہ عمران خان سے منی ٹریل مانگ چکا ہے اور وہ حکم امتناعی کا سہارا لے رہے ہیں جبکہ عدالت میں جمع کرائے گئے بیان پر تحریری معافی بھی مانگ چکے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی عدالت میں رکن قومی اسمبلی (عمران خان )کے لئے گلٹی اور ان سیولائیز کا لفظ استعمال کیاگیا ہے اس کے باوجود وہ منی ٹریل جمع نہیں کرا رہے۔