وزیراعظم کی فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا تیسرا اجلاس (جمعہ کو) ہوگا

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے تشکیل کردہ 12 رکنی خصوصی کمیٹی کا تیسرا اجلاس جمعہ کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی بہتری کے لئے مرتب کردہ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشیر وزیراعظم اور کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں یہ اجلاس قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں ہوگا۔ گزشتہ دو اجلاسوں میں کمیٹی نے وفاق اور صوبائی سطح پر فنکاروں کی فلاح و بہبود اور امداد کے حوالے سے موجود سکیموں کا جائزہ لیا اور ثقافت سے متعلقہ صوبائی سیکرٹریوں کے ساتھ بھی اجلاس کیا جس میں صوبوں کی جانب سے اس موضوع پر اب تک کی صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ گزشتہ اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کو بھی مشاورتی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ ملک بھر کے فنکار مرتب کردہ سفارشات سے استفادہ کر سکیں۔