وفاقی وزیر سید صدرالدین شاہ راشدی کا برطانیہ میں سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کا دورہ

لندن ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر وزارت سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے برطانیہ میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سمندر پارپاکستانیوں کی فراہم کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نےچیئرمین اوپی ایف بورڈ آف گورنرز بیرسٹر امجد ملک اور برطانیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر سید ابن عباس کے ہمراہ سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں موجود سائلین سے بات چیت کی۔ موقع پر موجود درخواست گزاروں نے وفاقی وزیر کو اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے سفارتخانے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سروسز کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید بہتری لائی جائے گی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے بتایاکہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں بہتر قونصلر سروسز کی فراہمی سفارتخانے کی اولین ترجیح ہے۔