اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف مالدیپ کا سرکاری دور مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئے۔قبل ازیں مالے کے ویلانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم اور ان کی کابینہ کے ارکان نے وزیر اعظم کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا، انہیں دورے کی تصاویر پر مبنی البم بھی پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم کو مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کے لئے اس دورے کی دعوت مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے دی تھی ۔ وزیر اعظم نے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ مالدیپ کے صدر سے باضابطہ مذاکرات بھی کئے ۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی کئی یادداشتوںپر دستخط بھی کئے گئے۔ وزیر اعظم کے دورے کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ۔