اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی) پاکستان اور مالدیپ نے دو طرفہ تعاون اور عوامی سطح روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کاا ظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کی یکجہتی کو تقویت اور بین الاقوامی سطح پر اسلام کی حقیقی اقدار کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جبکہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے اسلام آباد میں سارک سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے پاکستان کی حمایت کااعادہ کیا ہے ۔اس امر کا اظہار وزیرا عظم محمد نواز شریف کے تین روزہ دورہ مالدیپ کے اختتام پر اسلام آباد اور مالے سے بیک وقت جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دعوت پر 25 سے 27جولائی تک مالدیپ کادورہ کیا وزیر اعظم نے مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور مالدیپ کے عوام اور حکومت کو ان کی آزادی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ علاقائی تعاون کے ضمن میں وزیر عظم محمد نواز شریف اور صدر عبداللہ یامین نے باہمی اہمیت کے امور پر علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور معاونت کو نوٹ کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے بشمول جنوبی ایشائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کے ذریعے جنوبی ایشیاءکے ممالک کے مابین تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا ۔