سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جڑواں شہروں کے تاجروں سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 06 اگست (اے پی پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اس لئے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا لیکن عوام نے پاناما فیصلے کو تسلیم نہیں کیا، اداروں سے ٹکراو کا حامی نہیں ، سازش سے پردہ ضرور اٹھاوں گا۔ اتوار کوسابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے جڑواں شہروں کے تاجروں نے پنجاب ہاوس میں ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اس لئے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا لیکن عوام نے پاناما فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ احتساب کے نام پر استحصال کیا گیا مگر جھکوں گا نہیں، عوام نے مینڈیٹ دیا، سویلین بالادستی کو تسلیم کیا جائے۔