APP69-07 ISLAMABAD: November 07 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing participants of 110th National Management Course who called on him at PM Office. APP

اسلام آباد۔7 نومبر(اے پی پی(وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے پاکستان کے پاس بہترین موقع ہے، حکومت نے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری سے مستفید ہونے کیلئے تمام وفاقی اکائیوں کو مساوی مواقع فراہم کئے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 107 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس میں شریک سینئر سول سرونٹس سے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پالیسی سازی اور اس پر عملدرآمد میں سول سرونٹس کے اہم کردار پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اہم امور پر آپ کی پیشہ وارانہ آراءاور ٹیکنیکل معاملات پر رہنمائی سیاسی قیادت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیورو کریسی کو بدلتے ہوئے حالات اور ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ روایتی بیورو کریسی کا طریقہ کار زیادہ عرصہ نہیں چل سکتا، بیورو کریٹس کو سرکاری ضروریات، ٹیکنیکل مجبوریاں اور انتظامی ضروریات کے درمیان صحت مندانہ مساوات برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے ٹھوس اصلاحات کی ضرورت ہے۔ شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے پاکستان کیلئے بہترین موقع ہے اور ہماری حکومت نے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری سے مستفید ہونے کیلئے تمام وفاقی اکائیوں کو مساوی مواقع فراہم کئے ہیں۔