سرینگر۔ 10 اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں اور تنظیموںنے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو ان کی شہادت کی دسویں برسی پر شاندرا خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست 2008ءکو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموںکے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں تحریک آزادی کے معروف رہنما شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی ایک مقدس اور عظیم نصب العین کے حصول کیلئے وقف کررکھی تھی۔