اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس پر عوام کے کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، مسلم لیگ(ن) کی ترجیحات اور ہیں، ایک نااہل شخص پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کر رہا ہے، نواز شریف کو چاہئے کہ وہ باہر جاکر اپنا سٹیج سجائیں، پارلیمنٹ میں عوام کے مفاد کی باتیں ہونی چاہئیں۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہئے کہ پارلیمنٹ کا مثبت استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نااہل شخص کو پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش مشکلات کے حل کےلئے کوشاں ہیں۔