APP38-28 ISLAMABAD: December 28 - Advisor To The Prime Minister on Climate Change, Malik Amin Aslam witnessing signing ceremony of MoU between Ministry Of Climate Change And Aga Khan Foundation. APP

اسلام آباد ۔ 28 دسمبر (اے پی پی) ملک میں ماحولیات کے تحفظ اورموسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے تناظر میں تکنیکی و مالی معاونت، تحقیق اور آگاہی کو فروغ دینے کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور آغا خان فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں جمعہ کو یہاں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یاداشت پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری شاہ رخ نصرت اور آغا خان فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو افسر اختر اقبال نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یاداشت کل آٹھ نکات پر مشتمل ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تکنیکی امداد ، تکنیکی علم ، معاشی امداد، آغا خان فاؤنڈیشن کی سرکاری ترقیاتی فنڈز اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذریعے بیرونی معاشی امداد تک رسائی ، عوام میں ماحولیاتی شعور کا فروغ ، دوسرے ماحولیاتی تنظیموں سے روابط کا فروغ اور موسمیاتی تحقیق کی فوری اشاعت شامل ہے۔