اسلام آباد ۔ 28 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کیا جو کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی درخواست پر کیا گیا کیونکہ یہ افراد منی لانڈرنگ یا اس قسم کی دیگر سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، جس پر ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔ انہوں نے جمعہ کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کو منی لانڈرنگ یا کرپشن میں ملوث ان افراد کے بارے میں خدشہ تھا کہ یہ افراد ملک سے فرار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے رقوم بنائیں۔