سرینگر ۔ 7 جنوری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر خاص طورپر عالم اسلام میں اجاگر کرنے کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے اپنے ترکی کے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کی پر زور وکالت کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر خود امت کو ہی سوچ بچار کرکے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میںپہل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جسے ہم بڑی قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی ایشیاء کے خطے کی خوشحالی اور تعمیروترقی میں مسئلہ کشمیر ایک بہت بڑی رُکاوٹ ہے