اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کو اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پروڈکشن آرڈرز کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث بدعنوان عناصر پارلیمانی امور کے ہموار کام کاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر پالیسی وسیع تر ملکی مفاد میں بناتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد اپنی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں جو کسی بھی معاملے پر کوئی بیان دینے کے لیے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے رہے ہیں لیکن اب دونوں حکومت کے خلاف متحد ہو گئے ہیں کیونکہ دونوں جماعتوں نے محسوس کیا ہے کہ پی ٹی آئی ان کے لیے سیاسی خطرہ ہے۔