APP01-12 ISLAMABAD: February 12 – Federal Minister for Human Rights Dr. Shireen Mazari addressing during a function awareness on the issues of child abuse at Islamabad College of Arts and Sciences. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وفاقی وزارت انسانی حقوق نے بچوں پر جنسی تشدد اور ذیادتی کی روک تھام سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد بچوں کو جنسی تشدد کی مختلف اقسام ان سے بچاو¿ اور جنسی تشدد اور زیادتی کی روک تھام کے متعلق آگاہی دینا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے منگل کے روز اسلام آباد میں اسلام آباد کالج فار آرٹس اینڈ سائنسز کا دورہ کیا جہاں پر بچوں کو مختلف ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی گئی تاکہ وہ جسمانی تشدد کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں اور اسکے خلاف آواز اٹھا ئیں۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنسی تشدد کے واقعات تشویش ناک حد تک بڑھ رہے ہیں جس کی ایک بنیادی وجہ والدین اور بچوں کو آگاہی نہ ہونا ہے، اکثر اوقات بچوں کو اپنے گھروں میں بھی جنسی تشدد کا سامنا کر نا پڑتا ہے جہاں رشتہ داروں میں سے بھی کچھ افراد بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں، ہمارے معاشرے میں جنسی تشد د کو ایک برا فعل سمجھا جاتا ہے اور اسکے متعلق کھلم کھلا بات کرنا شرم کا باعث سمجھا جاتاہے لیکن اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم بچوں پر جنسی تشد د کو ایک اہم مسئلہ سمجھیں اور اسکے متعلق بات کرتے وقت ہچکچانے کی بجائے اپنے بچوں کو آگاہی دیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جنسی تشدد اور زیادتی کی روک تھام کے لیے ہم سکولز کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جہاں اساتذہ کے تعاون اور کونسلنگ سے اس برائی پر قابو پایا جا سکتاہے۔ وفاقی وزیر نے بچوں کو بتایا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے قانون ( آئی سی ٹی ایکٹ) موجود ہے اور اسی ایکٹ کے تحت چائلڈ پروٹیکشن کمیشن بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے وزارت انسانی حقوق نے چائلد پروٹیکشن سنٹر بھی بنایا گیا ہے جس میں بچوں کو مفت تعلیم، مفت طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ کونسلنگ بھی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف قوانین بننے کے باوجود معاشرے میں آگاہی کا ہونا ایک بنیادی ضرورت ہے جس میں سکولز اور اساتذہ انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کے بچوں کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے پر خاموش نہ رہیں بلکہ آواز اٹھائیں، وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن 1099 پر بھی شکایات بتائی جا سکتی ہیں، حکومت ان شکایات کے خلاف ایکشن لے گی۔ تقریب کے اختتام پر سوالات و جوابات کی بھی نشست ہوئی جس میں وفاقی وزیر نے بچوں کے سوالات کے جوابات دیئے جبکہ اس موقع پر پرنسپل اسلام آباد کالج فار آرٹس اینڈ سائنسز کی پرنسپل سمیت متعدد تعداد میں طلباءبھی موجود تھے۔