وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت پاکستان اور چائنہ ایئر آف فرینڈ شپ کے حوالے سے اہم اجلاس

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں ان میں مزید مضبوطی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان اور چائنہ ایئر آف فرینڈ شپ کے حوالے سے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت خزانہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا مرزا کی۔ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا کہ اجلاس میں تمام صوبوں کی نمائندگی خوش آئند ہے، پاکستان اور چائنہ ایئر آف فرینڈ شپ کے حوالے سے بہت سے ایم او یوز کی سطح پر اتفاق ہو چکا ہے لیکن اس سے آگے بہت کم کام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صوبائی اور مختلف شہروں کی سطح پر چین سے تعلقات میں وسعت لائیں اور اس سلسلے میں وزارت بین الصوبائی رابطہ فوکل منسٹری کا کردار ادا کرےگی۔ انہوں نے تمام صوبوں اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو لوکل حکومتوں کی سطح پر اور مختلف شہروں کی سطح پر چین سے تعلقات/ تعاون بڑھانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے تعلقات مثالی ہیں۔ ان میں مزید مضبوطی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال وزیر اعظم کے دورہ چین کے موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 2019ءپاک۔چائنہ دوستی کا سال منایا جائے۔