اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے، یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے، پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف سے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو ہوئی اور اس موقع پر اراکین سینیٹ اور اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فارم ہے، پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان ا±ٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو، یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی، ہمارے لئے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے، امن ترقی کی ضمانت ہے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ دیرپا امن خطے سے غربت اور معاشی عدم استحکام کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ملاقات کے دوران جنرل (ر) راحیل شریف نے کہاکہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے، پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔