بیجنگ ۔ 28 اپریل (اے پی پی) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے اجلاس کے دوران قریب 64 بلین ڈالر مالیت کے نئے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ انہوں نے یہ بات بیجنگ میں جاری دو روزہ اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہی۔ شی نے اپنی تقریر کے ذریعے مزید ممالک کو دعوت دی کہ وہ بنیادی ڈھانچے میں ترقی کے وسیع تر چینی منصوبے میں شامل ہو جائیں۔ ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے پر دستخط کرنے والے ممالک کی تعداد 65 سے بڑھ کر اب ایک سو پندرہ ہو گئی ہے۔ جاپان، بھارت اور بالخصوص امریکا چین کے اس منصوبے کو عالمی سطح پر بیجنگ کا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔