اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ معاملات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے اور درپیش مشکلات کے حل کیلئے طریقہ کار مرتب کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے محمد اختر مینگل کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں ارکان قومی اسمبلی آغاز حسن بلوچ، محمد ہاشم، پروفیسر شہناز بلوچ اور ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک، ڈپٹی سپیکر محمد قاسم خان سوری، وزیراعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ دس ماہ میں جو مشکلات سامنے آئی ہیں ان کے حل کیلئے طریقہ کار مرتب کرلیا گیا ہے تاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ معاملات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔