اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد کے فقدان کے خاتمہ کیلئے پاکستان نے دوطرفہ بنیادوں پر مرتب کردہ حکمت عملی کے ذریعے افغانستان کو میڈیا کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش کی ہے، دونوں ممالک اور اقوام کی بہتری کیلئے ہم مذاکرات اور اتفاق رائے سے باہمی تنازعات ختم کر رہے ہیں، افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا سالانہ حجم 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں باضابطہ تبادلوں سے ایک دوسرے کے بارے میں غلط اندازوں اور غلط فہمیوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کار مزید مفید ہوں گے۔ وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان جبکہ افغانستان کے وفد کی قیادت صدراشرف غنی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان شہریوں کیلئے افغانستان کو پشتو اور دری زبانوں میں ڈب شدہ تفریحی اور فلمی مواد دینے کیلئے تیار ہے۔