اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کے علاقائی سلامتی، رابطوں اور امن و استحکام کے وژن کے تحت افغان صدر کے دورہ پاکستان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک۔افغان مذاکرات کے دوران ٹرانزٹ ٹریڈ، علاقائی روابط، خطہ میں امن، سلامتی و استحکام سمیت وسیع تر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور عملی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا، پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی برآمدات کو 3 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے، افغان صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کا پیش خیمہ ہو گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دنیا کے ساتھ مربوط رابطوں کو فروغ دے رہا ہے، علاقائی رابطے اس سلسلہ کی پہلی کڑی ہیں۔ وہ جمعرات کو افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہی تھیں۔ افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔