اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے کینسر کا خاتمہ کر چکے ہیں، محفوظ اور بدلتے ہوئے پاکستان کے ساتھ قانون اور آئین کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی اور ہم آہنگی سے آگے بڑھ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کے بعد اب ہم نے ایک قوم ہو کر معاشی دہشت گردی کا اسی عزم کے ساتھ مقابلہ کر کے کامیابی حاصل کرنی ہے۔ دنیا کو پر امن بنانے کے لئے ہم نے اپنے آپ کو مشکل میں ڈال کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا، سابقہ ادوار میں قومی خزانے کو بیگانہ کریڈٹ کارڈ سمجھ کر استعمال کیا گیا جس کی ادائیگیاں موجودہ حکومت کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں پاکستان پیس کلیکٹیو کے زیر اہتمام پینٹنگز کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، برٹش کونسل کی ڈپٹی ہیڈ آف مشنز رچرڈ کروڈر، پی پی سی کے سربراہ شبیر انور، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ کے علاوہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔