لاہور۔23 جولائی(اے پی پی )آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی مینز کرکٹ ورلڈ کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹکٹوں کی آئن لائن فروخت اور رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ میگا ٹورنامنٹس آسٹریلیا میں کھیلے جائیں گے۔ ویمنز ایونٹ دیکھنے کے خواہشمند منگل کے روز سے آن لائن ٹکٹ بک کراسکتے ہیں تاہم مینز ایونٹ کیلئے پہلے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے جو 7 اکتوبر تک ہوگا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے ٹکٹوں کی کم از کم قیمت 20 ڈالر رکھی گئی ہے اور بچوں کے لئے ٹکٹ کی قیمت 5 ڈالر ہوگی ۔ آئی سی سی مینزٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اگلے سال 18اکتوبر سے 15نومبر تک آسٹریلیا میں 8 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا کی 16 بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی، پاکستانی مینز ٹیم اپنے میچز کا آغاز 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ سے کرے گی، پاکستان دوسرا میچ 28 اکتوبر کو کوالیفائیر ٹیم کے ساتھ اسی گرا¶نڈ پر کھیلے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا جوڑ 31 اکتوبر کو برسبین میں پڑے گا، 3 نومبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایڈیلیڈ اوول میں مدمقابل ہوں گی، جبکہ 6 نومبر کو پاکستانی ٹیم کوالیفائر ٹو کے خلاف میلبورن کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گی، فائنل 15 نومبر کو میلبورن میں ہوگا ۔آئی سی سی و یمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اگلے سال سے 21فروری سے 8مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر 23 میچز کھیلے جائیں گے ۔افتتاحی میچ آسٹریلین ویمن اور بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کے مابین 21فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق ایک بجے دوپہر کھیلا جائے گا ۔پاکستان ٹیم کا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف کینبرا میں ایک بجے دوپہر ہوگا ۔