اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 991.4 ملین ڈالر کی قسط موصول ہونے کے بعد سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 8035.5 ملین ڈالر تک بڑھ گئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 جولائی 2019ءکو زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14259.3 ملین ڈالر تھے جن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے 7083.6 ملین ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے 7175.7 ارب ڈالر کے ذخائر شامل تھے۔ 5 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران غیر ملکی قرضوں کے حوالے سے کی جانے والی ادائیگیوں کے نتیجہ میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 189 ملین ڈالر کی کمی ہوئی تھی۔