واشنگٹن ۔ 23 جولائی (اے پی پی) امریکہ کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پاکستان امریکہ گرمجوش تعلقات کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کی واشنگٹن میں سرگرمیوں کو بھرپور کوریج دے رہا ہے۔ وائٹ ہاﺅس میں وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کو پہلے صفحے پر شائع کیا گیا ہے، جس میں 19 سالہ جنگ کے خاتمے کے لئے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں سہولت کے لئے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ کوریج گزشتہ چند ماہ سے پاکستان کے خلاف مسلسل منفی رپورٹنگ جس میں پاکستان کو دہشتگردوں کے لئے محفوظ جنت قرار دینے کے بالکل برعکس ہے۔ بعض اخبارات نے کیپٹل ایرینا میں وزیراعظم عمران خان کی پاکستانی نژاد امریکیوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کا حوالہ بھی دیا ہے اور پاکستانیوں کے اندر وزیراعظم کی مقبولیت کو اجاگر کیا ہے۔ وزیراعظم نے امریکی شہریوں کو مختلف امور پر پاکستان کے موقف سے براہ راست آگاہ کرنے کے لئے مختلف امریکی میڈیا ہاﺅسز کو انٹرویو بھی دیئے۔