لاہور ۔ 14 جولائی (اے پی پی) پاک امریکا بزنس کونسل کے بانی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کو قریب لانے، باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور امریکی مارکیٹوں تک زیرو ریٹڈ براہ راست رسائی کا موقع ملے گا تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو یہاں جاری بیان میں کیا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان کو امریکی امداد کی نہیں بلکہ امریکی مارکیٹوں تک فوری اور براہ راست رسائی کی ضرورت ہے کیونکہ اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے ناقابل برداشت مالی نقصان اٹھایا ہے اس لئے امریکا اقتصادی خوشحالی اور معاشی خود مختاری کے حصول کے لئے پاکستان کی مدد کرے۔