اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے طے شدہ توسیعی فنڈ سہولت کی پہلی قسط موصول ہونے کے بعد سٹیٹ بنک آف پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 5 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر سٹیٹ بنک اوردیگر بنکوں کے پاس موجودزرمبادلہ کے ذخائر 14.25 ارب ڈالر ہوگئے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 7083.6 ملین ڈالر جبکہ کمرشل بنکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائرکا حجم 7175.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر14 ہزار259 اعشاریہ 3 ملین ڈالر یا 14.25 ارب ڈالر ہوگئے۔