ریاض ۔ 21 جولائی (اے پی پی) سعودی عرب کی ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے ملک میں میڈیکل انشورنس کارڈ ز کی پرنٹنگ مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، راویتی میڈیکل انشورنس کا رڈ کی جگہ سمارٹ موبائل ایپ استعمال ہوگی۔ مکہ اخبار کے مطابق پہلے مرحلے میں ایگزیکٹو، گریڈ اے اور بی کلاس کے کارڈز کی پرنٹنگ ختم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں سی کلاس کے کارڈز کو ڈیجیٹل کیاجائے گا۔ پہلا مرحلہ 2019ءکے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں اس وقت ایک کروڑ 12 لاکھ 15 ہزار 197 افراد کو میڈیکل انشورنس کی سہولت حاصل، لائسنس یافتہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کی تعداد 26 ہے۔ میڈیکل انشورنس کی جانب سے سعودی عرب میں منظور شدہ طبی اداروں کی تعداد 5 ہزار 202 ہے۔