کراچی۔ 21 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے داﺅدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے وفد کے ہمراہ یہاں گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت نے پاکستان کی ترقی میں داﺅدی بوہرہ کمیونٹی کے نمایاںکردار کی تعریف کی۔ انہوں نے زور دیا کہ بوہرہ کمیونٹی سماجی بہبود اور اقتصادی شعبوں میں اپنا گراں قدر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی کی ثقافت اور تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی اجتماعی کوششیں انتہائی قابل ستائش ہیں۔ صدر مملکت نے برہانی فاﺅنڈیشن کے قیام کی بھی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ فاﺅنڈیشن آگاہی و تحقیق کے ماحول کے فروغ میں ایک سنگ میل کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے موسمی تغیر اور عالمی حدت سے نمٹنے کے مقصد کیلئے کلین اینڈ گرین پاکستان کے اقدام کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بوہرہ کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں اپنے تعمیری کردار ادا کرے۔