اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے بیرون ملک سے سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے،متبادل توانائی وقت کی ضرورت ہے اس سے بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو پورا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو گورنر ہاﺅس کراچی میں شمسی توانائی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ تاجروں کو اپنا کاروبار رجسٹر کرواکر ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہیے کیونکہ یہ ایک قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ریفارمز کی جا رہی ہیں،حکومت خرچوں اور درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے لاتعداد قربانیوں کے بعد دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے اور امن بحال ہونے کے بعد ملک میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری بڑھی ہے۔