مکة المکرمہ ۔ 21 جولائی (اے پی پی) مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غلاف کعبہ کا نچلا حصہ 3 میٹر اوپر اٹھا دیا اور اس کی جگہ چاروں طرف سے 2 میٹر چوڑا کاٹن کا سفید کپڑا لٹکا دیا ہے،حج موسم ختم ہونے پرغلاف بحال کر دیا جائے گا۔ غلاف کعبہ رمضان المبارک اور حج کے ایام میں اوپر اٹھایا جاتا ہے۔حرم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہزاروں زائرین اور عازمین اس سوچ کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں کہ انہیں کسی نہ کسی شکل میں غلاف کعبہ کا ٹکڑا اپنے ہمراہ لے کر جانا ہے اس کےلئے وہ جائز و ناجائز کی پرواہ نہیں کرتے،اس طرح کی سوچ رکھنے والے طواف کے دوران اپنے ہمراہ بلیڈ اور قینچیاں لے آتے ہیں جوں ہی انہیں موقع ملتا ہے وہ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ کتر کر محفوظ کر لےتے ہیں اور کبھی کبھی یہ کام گروپ کی شکل میں بھی انجام دیا جاتا ہے۔مسجد الحرام کی انتظامیہ کے سربراہ کے سیکرٹری اور غلاف کعبہ کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل احمد المنصوری نے بتایا کہ امسال غلاف کعبہ 3 میٹر اوپر اٹھانے کی کارروائی میں 50 افراد نے حصہ لیا،حج موسم ختم ہوتے ہی غلاف جیسا کہ پہلے اوپر سے نیچے تک خانہ کعبہ پر پڑا ہوا تھا اسے ویسا ہی کر دیا جائے گا۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غلاف کعبہ اوپر اٹھانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔ نیا غلاف 9 ذی الحجہ کو وقوف عرفہ کے روز تبدیل کیا جائے گا۔