اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) نیا پاکستان ہاو¿سنگ پروگرام کےلئے نادرا کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن سہولت کو عوام میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے، طویل قطاروں میں لگ کر انتظار کی جھنجھٹ ختم ہونے پر ایک ہفتہ کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے، منصوبہ کے تحت اسلام آباد میں گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ نادرا کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق غریب بے گھر افراد کو چھت فراہمی کے حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا۔ اس منصوبہ سے فائدہ اٹھانے کےلئے فارم پر کرکے گھنٹوں انتظار کی زحمت ختم ہو گئی ہے، نہ صرف شہروں بلکہ دیہی علاقوں میں ساڑھے 7 ہزار ای سہولت مراکز کے ذریعے نیا پاکستان ہاو¿سنگ منصوبے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرائی،15 جولائی کو آغاز کے بعد اب تک 43 ہزار افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ نیا پاکستان ہاو¿سنگ پروگرام کےلئے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا آغاز 15جولائی کو وزیراعظم عمران خان نے کیا۔ آن لائن رجسٹریشن کی فیس 250 روپے کسی بھی نادرا ای سہولت، جاز کیش، ایزی پیسہ، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔