واشنگٹن ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وسیع تناظر میں پاک امر یکہ پائیدار تعلقات کی حمایت میں اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو متنوع اور مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، حکومت پاکستان نے مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے کئی انتظامی اور قانونی اقدامات کئے ہیں، بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب تنازعات کے پرامن حل سے دونوں ممالک میں امن کو فروغ ملے گا اور جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے پاکستان ہاﺅس واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کیا۔ گزشتہ روز وائٹ ہاﺅس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وسیع تناظر میں مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی حل کے فروغ کی جانب منتقل ہونے سے علاقائی امن و استحکام کا موقع پیدا ہوا ہے۔