واشنگٹن۔ 21 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے فراہم سازگار ماحول سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے یہ بات اتوار کو یہاں پاکستانی سفارتخانہ میں معروف پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں افینٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاءچشتی، ریسورس گروپ کے بانی شراکت دار محمد خیشگی اور ریسورس گروپ کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر حسنین اسلم شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر میری ٹائم آفیئر سید علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے تاجروں و سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال میں بہتری کی تعریف کی۔ تاجروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان میں توانائی، سیاحت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔