کراچی۔ 23 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش وزیراعظم عمران خان کے اس حوالے سے واضح موقف کی عکاس ہے۔ پیر کے روز پیمرا آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے کرپشن کے خلاف اقدامات، ادارہ جاتی ریفارمز اور قانون پر موثر عمل درآمد کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے اور اسی کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کے کامیاب دورے کے نتیجے میں پاکستان مخالف قوتوں کو شکست ہوئی ہے، بھارت گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے خلاف بیرونی دنیا میں پروپیگنڈا کرنے میں مصروف تھا لیکن عمران خان کے کامیاب دورے کے نتیجے میں اس پروپیگنڈے کی نفی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے نتیجے میں ہمارے متعلق دنیا کی سوچ میں مثبت تبدیل آ رہی ہے۔