اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لئے امریکی صدر کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کامیاب ملاقات پاکستان کی کامیابی ہے ، قوم کو اپنے رہبر پر ناز ہے جس نے باوقار انداز سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ منگل کو اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعہ کشمیر پر گفتگو سے خطے کے بنیادی مسئلے کے حل کی اہمیت بھرپور انداز سے اجاگر ہوئی۔انہوں نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان کے موقف کی تائید اور انہیں مقبول رہنما قرار دینا عمران خان پر دنیا کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے ۔