اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کو عوامی امنگوں کا ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم نے دو ٹوک انداز میں مسئلہ کشمیر ،افغستان میں مفاہمتی عمل سمیت خطے کے تنازعات کے حل سے متعلق پر اپنا ٹھوس موقف امریکی صدر کے سامنے رکھا ہے ،پاکستان نائن الیون کے بعد امریکہ کا اتحادی ،دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑی اور انھیں شکست دی ،عالمی برادری بھی پاکستان کی ان قربانیوں کی معترف ہے ،وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ باہمی تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی ۔منگل کو قومی خبر رساں ادارے “اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ تاریخی ملاقات جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے ،تجارتی روابط کے فروغ سمیت دیگر امور زیر غور آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش، وزیراعظم عمران خان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے موقف کی تائید ہے ، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات پر زور دیا ہے ۔