اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز سید علی حیدر زیدی نے وزیراعظم عمران خان کے امریکی دورہ کو تاریخی اور سود مند قرار دے دیا ۔ انہوں نے منگل کو ایک نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ کشمیر، افغانستان سمیت دیگر تمام مسائل پر بات چیت کی۔ وزیر نے کشمیر کے تنازعہ کے بارے میں ٹر مپ کی ثالثی کی پیشکش کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان دونوں اچھے تعلقات سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔