اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ بدعنوانی کی خلاف جنگ میں تفتیش کا عمل مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بدعنوانی سے متعلق موجودہ قوانین کے فریم ورک کے جائزہ سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ادارہ جاتی اصلاحات کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین بھی موجود تھے۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر قانون و انصاف اور وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کو بدعنوانی اور سرکاری عہدوں کے غلط استعمال سے متعلق موجودہ قوانین کے فریم جامع جائزہ اور اس سے متعلق سفارشات کا مسودہ تیار کر کے کابینہ میں پیش کرنے کا ہدف دیا تھا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ، نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پولیس سروس آف پاکستان، صوبائی اینٹی کرپشن کے اداروں اور اسلام آباد انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاءنے اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ مضبوط اور مربوط نظام وقت کی ضرورت ہے۔