کوئٹہ ۔23جولائی (اے پی پی ) ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے آیا ہے اور سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات تاریخ کے بہترین دور سے گزر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی وزیر اعظم عمران خان کے معترف ہیں،پاکستان میں بلا امتیاز احتساب ہو رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار ممبرقومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کوئٹہ میں آبنوشی کی قلت پر قابو پانے کے لئے لگائے گئے ٹیوب ویلز کا افتتاح کرنے کے بعد حلقے کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پانی قدرت کا انمول تحفہ ہے ،اس کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہئے کیونکہ انسانی بقا کا دارو مدار پانی پر ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ میں آبنوشی کی قلت پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوںپر کام کررہی ہے جوکہ آخری مراحل میں ہیں اس حوالے سے منگی ڈیم بہت اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے کوئٹہ میں قلت آب کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔