اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے قوم کو 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ جنہوں نے آئندہ نسلوں کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ یوم آزادی کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے تمام ہم وطنوں پر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نپٹنے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک جمہوری، خوشحال اور پر امن ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں سب کو مساوی حقوق میسر ہوں اور دنیا کے لئے ایک بہترین مثال ہو۔