کولمبو۔24 اگست (اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 244 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، دھنن جایا ڈی سلوا نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، ساﺅتھی نے 4 اور بولٹ نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 196 رنز بنا لئے تھے، ٹام لیتھم 111 اور بی جے واٹلنگ 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔