کراچی ۔ 14 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مشکور ہیں جن کی وجہ سے آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں ،آپس میں کتنے ہی اختلاف کیوں نہ ہوں کشمیر کے لئے پوری قوم متحد ہے ،کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، نریندر مودی نے جو سوچا ہے اس سے باز آجائے ورنہ منہ کی کھانی پڑھے گی، اگلے سال یوم آزادی کے موقع پر آج کے مقابلے میں زیادہ طاقتور پاکستان میں ملاقات ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کے پی ٹی ہیڈآفس میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کے پی ٹی کے ہیڈآفس اور اطراف کو قومی اور کشمیرکے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں چیئر مین کے پی ٹی ، دیگر افسران ، سکولز کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔