اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری اور خواتین کو زیادہ بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور جیمز اینڈ جیولری کے شعبہ میں خواتین کی شمولیت اور معاشی محاذوں پر انہیں بااختیار بنانے میں راولپنڈی چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، کاروباری برادری بین الاقوامی محاذوں پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے، پاکستان کے شمالی علاقے قیمتی پتھروں اور معدنی ذخائر سے مالا مال علاقے ہیں، ٹیکنالوجی کی منتقلی سے ان نوادرات کو ضائع ہونے سے بچا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت گامزن ہو گئی ہے، حسابات جاریہ کا خسارہ 2019ء میں کم ہو کر 579 ملین ڈالر پر آ گیا ہے جو 2018ء میں 2.1 ارب ڈالر پر تھا، راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں کشمیر سیل کے قیام پر اتفاق ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) اورٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اشتراک سے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تین روزہ جیمز اینڈ جیولری کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کاروباری برادری قیمتی پتھروں، زیورات اور قیمتی نوادرات کے نمائش کنندگان کی کثیر تعداد کے علاوہ پاکستان میں مختلف ممالک کے سفراء اور غیر ملکی سینئر سفارتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خواتین نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا اور یہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ تعمیر پاکستان میں اپنا نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔