واشنگٹن ۔ 11 اگست (اے پی پی) معروف امریکی سیاہ فام ادیبہ ٹونی موریسن اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں، انہیں چھبیس برس قبل ادب کا نوبل انعام دیا گیا تھا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی امریکا کی پہلی سیاہ فام مصنفہ تھیں۔انہیں نوبل انعام دیے جانے کی تقریب میں سویڈش اکیڈمی کی طرف سے ان کے طرز تحریر، تحریروں کی لسانی انفرادیت اور ان کی بصیرت کی طاقت کو خاص طور پر سراہا گیا تھا۔ٹونی موریسن امریکا کے سیاہ فام ادیبوں میں بہت منفرد اور اعلیٰ مقام کی حامل تھیں اور انہیں افریقی نژاد امریکی مصنفین کی اہم ترین نمائندہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کی اہم ترین تصنیفات میں ‘انتہائی نیلی آنکھیں’، ‘سلیمان کا گیت’، ‘انسان کا بچہ’، ‘جاز’ اور ‘جنت’ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔